پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 17 نومبر تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی شکایات اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نقصان کا ہمیں بخوبی احساس ہے مگر بچوں کی صحت اور ان کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ بچوں کو سموگ کے مہلک اثرات سے بچانے کے لیے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سموگ کے انسداد کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور کم از کم اپنی گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ جو اقدامات ہم اپنے طور پر کر سکتے ہیں، کم از کم وہ تو ضرور کریں تاکہ فضائی آلودگی کی شدت میں کمی آئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت بچوں اور عوام کی سیفٹی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور عوام سے تعاون کی اپیل کی۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ آن لائن تدریس میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ہم جلد ہی متبادل حکمت عملی پر عمل درآمد کریں گے تاکہ تعلیمی نقصان کو کم کیا جا سکے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اور نجی سکولز 17 نومبر تک بند رہیں گے تاکہ فضائی آلودگی کے اثرات سے بچوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔