پنجاب میں سموگ کی شدت کے پیش نظر حکومت نے سکولوں میں مزید تعطیلات دینے کی تجویز دیدی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ سموگ کی خطرناک سطح اور بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے مزید پانچ ڈویژنوں میں سکول بند کیے جائیں گے اور تدریسی عمل آن لائن منتقل کر دیا جائے گا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے سموگ کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک سطح تک پہنچ چکا ہے۔ AQI کی سطح 201 سے 300 کے درمیان ہے، جو کہ انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس صورتحال میں، ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی ڈویژن میں سکولز بند کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب میں تعلیمی سال اس وقت صرف 120 دنوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، جبکہ عالمی معیار کے مطابق تعلیمی سال 245 دنوں کا ہونا چاہیے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ “تعلیمی نقصان کا احساس ہے لیکن بچوں کی صحت کو مقدم رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ سموگ کی شدت میں اضافہ اور بچوں کو خطرات سے بچانے کے لیے سکولوں میں آن لائن تدریس کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ تاہم، آن لائن تعلیم کے دوران بھی طلباء کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے لیے حکومتی سطح پر متبادل حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
حکومت نے صرف سرکاری سکولوں ہی نہیں، بلکہ نجی ٹیوشن سنٹرز کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارہویں جماعت تک تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا۔