دنیا میں ایسے بے شمار پودے موجود ہیں جو اپنی منفرد خصوصیات کے باعث حیران کر دیتے ہیں، لیکن اسکیلیٹن فلاوران میں سب سے منفرد سمجھا جاتا ہے۔ یہ پھول بارش کے دوران ایسا حیرت انگیز منظر پیش کرتا ہے کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔
عام حالات میں اس کے پھولوں کی پتیاں سفید رنگ کی ہوتی ہیں، لیکن جیسے ہی ان پر بارش کے قطرے پڑتے ہیں، وہ آہستہ آہستہ تقریباً مکمل طور پر شفاف ہو جاتی ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ شیشے سے بنی ہوں۔
ماہرین کے مطابق یہ حیرت انگیز تبدیلی اس وقت ہوتی ہے جب پانی پھول کی پتّیوں میں موجود انتہائی باریک ہوا کے خالی خانوں کو بھر دیتا ہے۔ اس کے نتیجے میں روشنی کے گزرنے کا انداز بدل جاتا ہے اور پتّیاں شفاف دکھائی دینے لگتی ہیں۔ جیسے ہی پتّیاں خشک ہوتی ہیں، وہ دوبارہ اپنی قدرتی سفید رنگت اختیار کر لیتی ہیں۔
یہ نایاب پودا جاپان، چین اور امریکا کے مشرقی پہاڑی جنگلات میں پایا جاتا ہے، جہاں ٹھنڈا اور مرطوب ماحول اس کی نشوونما کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔قدرت کے اس خوبصورت شاہکار کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ بظاہر سادہ نظر آنے والی چیزیں بھی اپنے اندر حیران کن راز چھپائے رکھتی ہیں۔