ملک کے مختلف علاقوں میں آج موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بالائی علاقوں میں بادل برسنے اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ جنوبی اور وسطی میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم راولپنڈی ڈویژن، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا اور گردونواح میں شام یا رات کے اوقات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں موسم زیادہ تر گرم رہے گا تاہم کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بجلی بلوں پر بڑی پیچیدگی ختم کر دی
خیبرپختونخوا کے علاقوں میں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، بٹگرام، شانگلہ، پشاور اور گردونواح میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابر آلود رہنے وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر تیز بارش کی توقع ہے جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص شامل ہیں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بارش کے امکانات نسبتاً کم ہیں تاہم چند علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور شمال مشرقی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک اور بارش کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ جہاں بارش کا امکان ہے وہاں تیز ہواؤں آسمانی بجلی، شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ شہریوں، بالخصوص مسافروں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے