ہوبارٹ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 118 رنز کے ہدف کو آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ آسٹریلین اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا لیکن شاہین آفریدی نے 16 کے مجموعے پر میتھیو شارٹ کو آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد 20 رنز پر جہانداد خان نے جیک فریسر مک گرک کو بھی پویلین بھیج دیا۔ تاہم اس کے بعد آسٹریلیا کی اننگز مستحکم ہو گئی اور انہوں نے ہدف با آسانی پورا کر لیا۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا، لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ حسیب اللہ نے 24 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سنچری اسکور کرنے والے عثمان خان اس میچ میں صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سابق کپتان بابر اعظم نے 41 رنز بنائے اور ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
عرفان خان 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، عباس آفریدی بھی ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے اور انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صفیان مقیم تھےجو صرف ایک رن بنا سکے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا اور ان کی جگہ حسیب اللہ کو وکٹ کیپنگ کا موقع دیا گیا، جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے 2-0 کی فیصلہ کن سبقت حاصل کی ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے ہرایا تھا۔