راولپنڈی میں اسموگ کی شدت کم ہونے کے بعد ایک ہفتے سے بند اسکولز دوبارہ کھول دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے تعلیمی اداروں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں جن کے تحت اسکولوں میں ماسک کا استعمال بچوں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ اسموگ کے اثرات سے بچ سکیں۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے اسموگ میں کمی کے بعد ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں بھی نرمی کر دی گئی ہے۔محکمے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزپنجاب حکومت نے سموگ کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد لاہور اور ملتان ڈویژن کے علاوہ باقی تمام اضلاع کے سکول کل سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تعلیم بچوں کیلئے ضروری ہے لیکن صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے اسی وجہ سے مشکل فیصلے کیے گئے۔ سموگ کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے ملتان اور لاہور کے علاوہ تمام اضلاع کے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہوائوں کا رخ بدلنے سے سموگ کی صورتحال میں بہتری آئی ہے لہذا تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم کوئی بھی اسکول 8:45 سے پہلے نہیں کھلے گا۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں اور آئوٹ ڈور اسپورٹس پر پابندی ہوگی جبکہ اساتذہ، عملے اور طلبا کیلئے ماسک پہن کر اسکول آنا لازمی ہوگا۔
اس کے علاوہ چھٹی کیلئے جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ اوقات مقرر کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کا رش نہ ہو۔ سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔