ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی طبیعت ایک بار پھر خراب ہو گئی۔ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے ان کا عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے بشری بی بی کو دانت میں شدید تکلیف ہے، جس کی وجہ سے ان کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے۔ بشری بی بی کی طبیعت کی خرابی کے پیش نظر ان کی جانب سے آج کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز توشہ خانہ 2 کیس میں دوران ِسماعت بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے طبی بنیادوں پر ملزمہ کی حاضری معافی کی درخواست کی گئی تھی، عدالت نے سابق خاتون اول کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو عدالت پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آئندہ سماعت پر عدم حاضری پر ملزمہ کی ضمانت خارج ہونے کا نوٹس جاری اور اس کے ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے۔ بشریٰ بی بی کی عدم پیشی کے باعث عمران خان اور ان کی اہلیہ پر توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی تھی، عدالت نے کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کی تھی۔