سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے پیش گوئی کی ہے کہ جب تک قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید ہیں ممکن ہے کہ یہ شاید بابر اعظم کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ہو۔
نجی ٹی وی پروگرام میں سابق کرکٹر باسط علی نے کا کہنا تھا کہ مجھے جو دکھائی دے رہا وہ میں بتا رہا ہوں ، آپ کا پریمیئم بیٹر ہے جس کی تین میچوں میں 14 رنز کی اوسط ہے، کس بات کا بیٹر ہے جو 8 اوور پہلے آؤٹ ہوجاتا ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ باقی کرکٹرز کے پاس بابر اعظم جتنا تجربہ نہیں ہے۔ان کے رنز اس وقت تک کوئی فائدہ نہیں ہے جب تک وہ پچ پر کھڑے رہ کر رنز بنا نہ سکیں۔
پروگرام میں موجود اسپورٹس جرنلسٹ شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو بابر اعظم جیسا کلاسیکل بیٹر چاہیے۔ بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنلز کا نمبر ون بیٹر ہے لیکن پتا نہیں اس کو کیا چیز تنگ کررہی ہے، باؤلر اسے آؤٹ نہیں کررہا وہ خود آؤٹ ہورہا ہے۔
سابق کرکٹر باسط علی کا کہنا تھا کہ اگر بابر اعظم کلاسیکل بیٹر ہیں تو ٹی ٹوئنٹی میں کلاسیکل بیٹنگ نہیں چاہیے ہوتی وہاں آپ کو اسٹرئیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرنی ہوتی ہے جس میں بابر اعظم مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔