پاکستان ٹیم ون کی شاندار کامیابی ، میزبان ملائشیا کو شکست دے کر تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
ملائیشیا کے شہر سرا واک میں جاری تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ میں ہفتہ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان اور سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال نے 25 منٹ کے مقابلے کے بعد ملائیشیا کو 0-2 سے مات دی۔
پاکستان نے ہمیشن راج چندرن اور جوا چم چوہا پر مشتمل ناکام ٹیم کے خلاف پہلا گیم 8-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں بھی 5-11 سے فتح حاصل کر کے ٹرافی پر نظریں مرکوز کرلیں۔
واضح رہے کہ ایشین ڈبلز سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی یہ مسلسل پانچویں کامیابی ہے ، پاکستان کے ناصر اقبال اور نور زمان ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔
پاکستان نےگزشتہ برس چیمپئن شپ میں سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب سابق عالمی جونیئر چیمپئن محمد حمزہ خان اور انٹرنیشنل کھلاڑی محمد عاصم خان پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے سنگاپور کو محض 13 منٹ کے مقابلے کے بعد 0-2 سے قابو کرکے چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعزازی سیکریٹری ایئر کموڈور ریٹائرڈ عامر نواز ٹیم مینیجر اور سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔