پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نےکہا ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نہ مؤخر ہوگا نہ معطل، 24 نومبر کو جو باہر نہ نکلا وہ پارٹی سے باہر ہو جائےگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ ’ ہر شخص 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں شرکت کو یقینی بنائے، اگر کوئی بھی پی ٹی آئی رہنما یا امیدوار جلسے میں شرکت کی یقین دہانی نہیں کراسکتا تو خود کو پارٹی سے علیحدہ تصور کرلے کیونکہ یہی وہ فیصلہ کن وقت ہوگا جب پوری قوم آزادی کے لیے نکلے گی۔’
بیان میں کہا گیا کہ ’ قوم اس فیصلہ کن موقع پر کسی قسم کا بہانہ قبول نہیں کرے گی، غلام قومیں آخر کار تباہ ہوجاتی ہیں۔’
سابق وزیراعظم نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’ وہ پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ ملک میں جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکی جاچکی ہے۔’
عمران خان کا کہنا تھا کہ’ 24 نومبر کو آپ سب اسی جوش اور ولولے کے ساتھ نکلیں جس کا مظاہرہ آپ نے 8 فروری کو کیا تھا جب آپ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اپنے ووٹ کی طاقت دکھانے کے لیے نکلے تھے۔’
بانی پی ٹی آئی کا اپنے پیغام میں مذاکرات کے حوالے سے کہنا تھا کہ’ میں ہمیشہ ملک کی خاطر بات چیت کے لیے تیار رہا ہوں۔’
قبل ازیں میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نےکہا ہے کہ طاقتور حلقے جس کسی کو آگے کریں گے، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کمیٹی ان سے تین مطالبات پر مذاکرات کرے گی۔
پی ٹی آئی قیادت کے مطابق عمران خان نےکہا ہےکہ کمیٹی تین مطالبات 26 ویں آئینی ترمیم کے خاتمے اور آئین کی بحالی کے علاوہ مینڈیٹ کی واپسی اور تمام بےگناہ سیاسی قیدیوں کی رہائی پر بات کرے گی۔