24 نومبر پی ٹی آئی احتجاج کی کال کے پیش نظر راولپنڈی سے پنجاب، خیبرپختونخوا، ہزارہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی گئی۔
انتظامیہ نے راولپنڈی میں تمام بس اڈوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آج رات سے ٹرانسپورٹ اڈے بند رکھے جائیں گے۔بس اڈوں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیاہے۔ہدایت دی گئی کہ بس اڈوں کو قنات لگا کر بند رکھا جائے۔
عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی ضلع اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو مکمل سیل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی چوک، 26نمبر چونگی،فیض آباد، مندرہ، چکوال موڑ، جی ٹی روڈ، پارک روڈ، کلمہ چوک، ڈھوک سیدان روڈ، ٹینچ باٹا، منڈی موڑ،فورتھ،ففتھ سکستھ ایونیو کو بند کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ناز سینماء روڈ، راجہ بازار، گوالمنڈی، کچہری چوک کو بھی مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ چکوال راولپنڈی روڈ بند،مری راولپنڈی روڈ بھی بند ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لئے غیرضروری سفر نہ کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔