ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کم ترین اسکور کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، جہاں آئیوری کوسٹ کی ٹیم صرف 7 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ سب ریجنل افریقہ کوالیفائر گروپ سی کے میچ میں نائیجیریا کے خلاف یہ شرمناک ریکارڈ بنا ہے۔
نائیجیریا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 271 رنز بنائے، جس میں سلیم سلاو کی 53 گیندوں پر 112 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔ جواب میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم صرف 10 گیندوں میں 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
نائیجیریا کے اسپنر اسحاق ڈانلاڈی اور فاسٹ باؤلر پراسپر یوسینی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ نائیجیریا نے یہ میچ 264 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا، جو ٹی20 تاریخ کی تیسری سب سے بڑی فتح ہے۔
اس سے قبل ٹی20 کرکٹ میں دو ٹیمیں دو مرتبہ 10 رنز پر آل آؤٹ ہوچکی ہیں، لیکن 7 رنز پر آؤٹ ہونا ایک نیا ریکارڈ بن گیا ہے۔