پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے والے پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا احتجاجی قافلہ آج صبح اسلام آباد کی جانب روانہ ہوا اور راستے میں رکاوٹیں ہٹاتا ہوا برہان انٹرچینج پر پہنچ گیا۔ پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تعینات پولیس اہلکاروں پر تشدد کی اطلاعات بھی آئیں۔ فرض کی ادائیگی کے دوران اٹک پولیس کے دو اہلکاروں کو گولیاں لگنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اہلکار واجد علی کو گردن میں گولی لگی ہے جبکہ سمیع اللہ کو ٹانگ میں گولی لگی ہے۔ دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ واجد علی کا تعلق فیصل آباد جبکہ سمیع اللہ سرگودھا کا رہائشی ہے۔
واضح رہے کہ احتجاج کے پیش نظر حکومت کی جانب سے وفاقی دارالحکومت سمیت اہم شہروں میں سیکیورٹی سخت ہے، اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ کنٹینرز لگا کر خندقیں بھی کھود دی گئی ہیں۔ وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔