وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کو دارالحکومت کی حفاظت کیلئے اپنا عزم ثابت کرنا پڑے گا، اگر پی ٹی آئی والے یہاں آکر بیٹھ جاتے ہیں تو یہ ملک کیلئے بڑا دھچکا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اب فیصلہ کن صورتحال پیدا ہوگئی ہے کیونکہ مزاکرات کا ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کی قیادت نرمی دکھا رہی ہے لیکن بشریٰ بی بی اسے نادر موقع سمجھ کر آگے بڑھنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اگر روکنا ہے تو طاقت کے استعمال کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ جو خاتون پی ٹی آئی مارچ کی قیادت کر رہی ہیں۔ انہیں خونریزی دکھائی دے رہی ہے۔ وہ جانتی ہیں کہ میں قریب پہنچ گئی ہوں اور لیڈر بن گئی ہوں۔ اس وقت وہ سمجھتی ہیں کہ آگے بڑھنے میں ہی ہمارا فائدہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں عمران خان کا قافلہ جب اسلاآباد پہنچا تو رانا ثنا اللہ نے پوری طاقت استعمال کرکے انہیں وہیں پر روک لیا تھا۔ اس بار بھی وہی عزم دکھائی دینا چاہئے اور ہر حال میں دارالحکومت کا تحفظ یقینی بنانا چاہئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بھی بلا لیا گیا ہے۔