خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں طویل عرصے سے غیر فعال رہنے والا پارہ چنار ایئرپورٹ دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے جسے علاقے میں سفری سہولتوں رابطہ کاری اور ترقیاتی امکانات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایئرپورٹ کی بحالی پاک فوج، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی مشترکہ کاوشوں سے ممکن ہوئی۔ مختلف اداروں کی مربوط حکمت عملی اور تکنیکی معاونت کے ذریعے ایئرپورٹ کو دوبارہ آپریشنل حالت میں لایا گیا۔
اس سلسلے میں پاک آرمی ایوی ایشن نے 26 اپریل کو ایئرپورٹ پر آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز انجام دیے۔ ان آزمائشی مراحل کا مقصد رن وے کی فعالیت، تکنیکی تیاری، حفاظتی معیار اور مجموعی آپریشنل صلاحیت کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز مکمل کیے جن کے نتائج تسلی بخش قرار دیے گئے۔ جانچ کے بعد ایئرپورٹ کے رن ویز کو پیشہ ورانہ معیار، تکنیکی تقاضوں اور اعلیٰ سیفٹی اسٹینڈرڈز کے مطابق قرار دیا گیا۔
ایئرپورٹ کی بحالی سے نہ صرف مقامی آبادی کو بہتر سفری سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ علاقے میں تجارتی، سماجی اور ہنگامی رابطوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ دور افتادہ اور حساس جغرافیائی حیثیت رکھنے والے اس خطے کے لیے فضائی رابطے کی بحالی کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔