پی ٹی آئی لانگ مارچ سے پہلے ہی بشریٰ بی بی کیخلاف علم بغاوت بلند ہو چکا تھا، مونا عالم

پی ٹی آئی لانگ مارچ سے پہلے ہی بشریٰ بی بی کیخلاف علم بغاوت بلند ہو چکا تھا، مونا عالم

پی ٹی آئی لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی بشریٰ بی بی کے خلاف پارٹی کے اندر علم بغاوت بلند ہو چکا تھا۔

اینکرپرسن مونا عالم نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک اہم رہنما نے انہیں بتایا کہ پارٹی کے اندر کارکنوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ مونا عالم کے مطابق، انہوں نے ایک رہنما سے پوچھا کہ آیا وہ 24 کے دھرنے کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں اور قافلہ لے کر پہنچیں گے؟ اس پر رہنما نے کہا کہ ”ہم سیاسی ورکر ہیں، مگر جس انداز سے ہم سے بات کی جا رہی ہے، وہ قابلِ قبول نہیں۔“

پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی نے ہدایت دی تھی کہ ایم این اے اور ایم پی اے ہر صورت قافلہ لے کر آئیں، اس کی ویڈیو بنائیں اور ثبوت کے طور پر پارٹی کو دیں۔ اگر کوئی ویڈیو نہ بھیجے یا گرفتار ہو جائے تو اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا اور آئندہ ٹکٹ بھی نہیں دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ”ہم پچھلے ڈھائی سال سے ریاستی دباؤ، مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن اپنی وفاداری کی وجہ سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارے ساتھ بھی بات کرنے کا ایک مناسب طریقہ ہونا چاہیے۔“

دوسری جانب معروف اینکرپرسن مونا عالم نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں عمران خان کے لیے حالات میں بہتری کے امکانات نظر آ رہے ہیں، اور اس بہتری میں فیصل واوڈا کا کلیدی کردار ہوگا۔

مونا عالم نےآزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کہاکہ عمران خان کے لیے آنے والے دنوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ اس تبدیلی میں فیصل واوڈا کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نے 2022 میں پارٹی چھوڑنے کے بعد عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف سخت مؤقف اپنایا تھا، جس کے نتیجے میں انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ لیکن گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ان کا رویہ تبدیل ہو چکا ہے۔

مونا عالم کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے حالیہ مہینوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور قیادت کے ساتھ دوبارہ روابط قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ کھل کر حکومت پر تنقید کر رہے ہیں اور اب وہ عمران خان کے مکمل وفادار ہونے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مونا عالم نے مزید کہا، “فیصل واوڈا نے یہاں تک کہا ہے کہ وہ عمران خان کے کتے کو بھی عزت دیں گے، کیونکہ وہ عمران خان کے اتنے وفادار ہیں۔ آنے والے دنوں میں فیصل واوڈا کا کردار مزید بڑھتا ہوا نظر آئے گا، اور اس حوالے سے موصول ہونے والی معلومات بھی کافی قابلِ بھروسہ ہیں۔

مونا عالم کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے اب حکومتی جماعتوں پر کھل کر تنقید شروع کر دی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فیصل واوڈا کا کردار عمران خان اور پی ٹی آئی کی سیاست میں مزید اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔

مزید ویڈیو میں ملاحظہ کریں: 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *