ایپل کی نئی آئی فون 16 سیریز کی باضابطہ لانچ کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں اور پی ٹی اے ٹیکس میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی۔
ستمبر میں جب آئی فون 16 سیریز دنیا بھر میں متعارف ہوئی تو ان کی قیمتیں پاکستانی مارکیٹ میں بہت زیادہ تھیں کیونکہ یہاں ایپل کا کوئی آفیشل اسٹور موجود نہیں ہے۔ تاہم اکتوبر میں ایپل کے پاکستان میں منظور شدہ ڈسٹری بیوٹر مرسینٹائل نے آئی فون 16 سیریز کی باضابطہ قیمتوں کا اعلان کیا جو ایپل اسٹور کی قیمتوں کے مطابق تھیں۔
اس کے بعد آئی فون 16 پرومیکس کی قیمت پاکستان میں 5 لاکھ 40 ہزار روپے مقرر کی گئی، جس میں پی ٹی اے ٹیکس بھی شامل تھا۔ابتدائی دنوں میں صارفین کو آئی فون 16 پرو میکس کے لیے شناختی کارڈ پر 2 لاکھ 13 ہزار روپے اور پاسپورٹ پر 1 لاکھ 83 ہزار روپے کا پی ٹی اے ٹیکس ادا کرنا پڑتا تھا۔
حالیہ دنوں میں یہ ٹیکس بھی قیمتوں کے ساتھ کم ہو چکا ہے۔ ایپل کی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا ایک اور سبب اضافی ڈسٹری بیوٹرز کی شمولیت ہے۔ ستمبر میں جی نیکسٹ کمپنی بھی ایپل ڈسٹری بیوٹرز کی فہرست میں شامل ہو گئی جو پہلے سام سنگ اور ٹیکنو جیسے برانڈز کی تقسیم کرتی تھی۔
جی نیکسٹ نے حالیہ دنوں میں ایئر لنک کے ساتھ شراکت داری کر کے ایپل مصنوعات کی ترسیل کو مزید وسیع کیا ہے۔ ان تبدیلیوں کی وجہ سے مارکیٹ میں ایپل مصنوعات کی اجارہ داری کم ہوئی ہے اور آئی فون 16 سیریز کی قیمتوں میں 20 سے 30 ہزار روپے تک کمی آئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی پی ٹی اے ٹیکس بھی کچھ حد تک کم ہوا ہے جس سے صارفین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔