پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے قاسم سوری کے عمران خان سے متعلق حالیہ دعوے کو جھوٹا قرار دیدیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان ابصار عالم نے شیر افضل مروت سے پوچھا کہ قاسم سوری کی ایکس پوسٹ کے مطابق کیا عمران خان کو کوئی زہریلی چیز دی گئی ہے جس سے ان کا ذہنی توازن متاثر ہو سکتا ہے اور کیا ان کے کمرے میں کوئی زہریلا اسپرے کیا گیا ہے جس سے ان کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
جواب دیتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ ہمیں اسلام آباد میں کسی کے علم میں یہ بات نہیں آئی اور انہیں واشنگٹن میں تار پہنچ جاتی ہے۔ پارٹی کے افراد کے علاوہ صحافی بھی عمران خان سے ملتے رہتے ہیں لہذا ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی باتوں سے پارٹی ورکرز میں اضطراب اور خوف پیدا ہوتا ہے جبکہ ان کے دلوں میں مایوسی اور تاریکی پہلے ہی موجود ہے۔ مروت نے کہا کہ جب کوئی جائز خدشات ہوں گے ہم اس پر بات کریں گے اور ماضی میں بھی بات کی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کی جانب سےبھی اس دعوے کی تردید کی گئی تھی، جنہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری کے دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔ جبکہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم بھی اس دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔