راولپنڈی شہر میں جلد ہی 10 مختلف روٹس پر 102 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جو شہریوں کے لیے ماحول دوست آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سروس مہیا کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے شہریوں کے لیئے تمام بڑے روٹس پر جلد الیکٹرک بس سروس شروع کی جا رہی ہے اور اس منصوبہ کی تکمیل نومبر 2025 تک مکمل ہونی ہے۔ اس کے ساتھ ایک جدید ترین ٹرمینل بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں 40 چارجنگ اسٹیشن ہوں گے ۔
راولپنڈی کے رہائشیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوشش میں 102 ماحول دوست الیکٹرک بسیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ 25 اکتوبر کو ہونے والے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 39ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔
پنجاب حکومت نے سال 2024/25 کے لیے منصوبے کی تکمیل کے لیے انتظامی منظوری دے دی ہے جس کی تکمیل کی آخری تاریخ نومبر 2025 ہے۔ یہ منصوبہ 84 کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہوگا اور اس کے 10 مختلف روٹس ہوں گے۔
الیکٹرک بس سروس کے منصوبے کی مالیت 7 ارب روپے سے زائد ہے، پنجاب حکومت اس کے لیے 4.7 ارب روپے جاری کر رہی ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی منصوبے پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہوگی۔ توقع ہے کہ بس منصوبہ فضائی آلودگی کو کم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔