سینئر سیاستدان، سینیٹر فیصل واؤڈا نے بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کے بارے کہا ہے کہ ملاقاتیں مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کے حوالے سے ایک کوشش ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان سینیٹر فیصل واؤڈا نے واضح کیا ہے کہ انکی سیاسی ملاقاتوں کا واحد مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو انکے سیاسی حواریوں سے محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے دعوٰی کیا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بشرٰی بی بی اور انکے حواریوں سے جان کا خطرہ ہے۔
۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ فوج نےواضح کر دیا ہے کہ فوج کی کسی سے دوستی یاری نہیں ہے، فوج صرف اور صرف ریاست اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا گھر ملکی سیاست میں ایک سیاسی قلعے کی مانند ہے اور انکا مولانا صاحب سے محبت، احترام اور عقیدت کا تعلق ہے۔
انہوں نے اشارتا کہا کہ مولانا صاحب کے گھر پر ملاقات عمران خان کی سیاست اور مذاکرات کا راستہ ہموار کرنے کی ایک کوشش ہے۔جمعرات کو فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی پریس ریلیز پر بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ اس میں چار چیزیں اہم ہیں، سب سے پہلی چیز یہ کہ آرمی چیف نے واضح کیا ہے ہم پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہیں کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ نہی۔
ایک پیج ایک پیج کرنے والوں کو یہ کلئیرٹی دی گئی ہے، وقتاً فوقتاً یہ وضاحت ضروری ہوتی ہے کیونکہ سیاستدان یہ تاثر پیدا کر دیتے ہیں کہ ہمارے ساتھ ہیں ’جیسے وہ ان کے ابا جی کا کوئی ملازم ہے‘۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک اور بات جو کی گئی وہ یہ تھی کہ افغانستان ہمارا برادر ملک ہے، لیکن دہشتگردی کیلئے جو ان کی زمین استعمال ہو رہی ہے وہ اس کو دیکھیں، ادھر بھی کلئیرٹی آگئی کہ خیبرپختونخوا کے سیاستدان یہ تاثر پیدا کر رہے تھے کہ افغانستان اور ہم آپس میں دشمن ہیں۔
نمبر تین پر انہوں نے کہا کہ یہ جو پٹھانوں کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، ’خان صاحب کی بیگم نے جو قومیت کا کھیل کھیلا پٹھان پٹھان پٹھان کرکے‘۔ اس موقع پر ان سے سوال ہوا کہ آپ بشریٰ بیگم کی بات کر رہے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ’عمران خان صاحب کی آج کے دن تو ایک ہی ہیں، کل طلاق کے بعد دوسری آجائیں تو میں کچھ کہہ نہیں سکتا‘۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ’بشریٰ بیگم نے بہت خطرناک بیانیے کو جنم دیا اور پھر حکومت کی غیر ذمہ داراور نااہل ٹیم نے اس کو تاثر ایسا دیا کہ وہ بھی جاگ پنجابی جاگ کی سیاست کرنے آرہے ہیں، قومیت کو آمنے سامنے کیا اور تاثر یہ دیا کہ شاید ریاست، آرمی، اسٹبلشمنٹ پٹھانوں کے خلاف ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف یہ تاثر بھی دیا گیا کہ تحریک انصاف کے آگے بھی ریاست، اسٹبلشمنٹ اور فوج کھڑی ہے، جو کہ ایسا نہیں ہے کیونکہ وہ نہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف ہیں نہ ساتھ ہیں۔
فیصل واوڈ انے کہا کہ چوتھا جو سب سے اہم پوائنٹ ہے وہ ہے پراپیگنڈا، جو ملک سے باہر ہورہا ہے اس کے آپ کو ڈالرز ملتے ہیں، ان سب کو ڈالرز ملتے ہیں جب یہ اس طرح کا پروپیگنڈا ملک کے اندر یا باہر کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’بشریٰ بی بی کی گرفتاری لازمی ہونی ہے، اس میں کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئیے‘۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی پر قتل کی ایف آئی آر ہے انہیں کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کا روشن چہرہ پاکستان کی دو طلاقوں پر مبنی ہے، ایک طلاق خان صاحب کو بیگم صاحبہ کو دینی ہے اور ایک طلاق ن لیگ کو ملنی ہے‘