انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے نئے ماڈل کا اعلان 7 دسمبر کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سخت موقف کے سامنے پیچھے ہٹنے کی نشاندہی کی ہے اور چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اہم پیشرفت ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے تین سال کے لیے ایک ہائبرڈ ماڈل نافذ کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت پاکستان کو آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کا دورہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ فیصلہ پاکستان کی تجویز کے بعد کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان نے بھارتی سرزمین پر کرکٹ کھیلنے کے لیے شرائط رکھی تھیں۔
یاد رہے کہ جمعرات کو دبئی میں آئی سی سی کے اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ڈیڈ لاک ختم کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن اجلاس بغیر کسی حتمی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔ تاہم بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی تجویز قبول کر لی گئی ہے اور اس کی بنیاد پر نیا ماڈل تیار کیا جا رہا ہے۔