محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ بارشوں کا ایک نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، جس کے تحت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ مختلف شہروں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے،اور کئی علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد رہے گا۔ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی اور اٹک میں دھند چھائے رہنے جبکہ چکوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بارش، جبکہ گلگت بلتستان میں برفباری کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے پہاڑی اضلاع چترال، دیر، سوات اور شانگلہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں اور بلوچستان میں موسم شدید سرد ہو چکا ہے۔ اسکردو میں درجہ حرارت منفی 9، قلات میں منفی 7، جبکہ استور، گلگت اور کالام میں منفی 5 تک گر چکا ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈ کیا گیا۔