لاہور: نادرا سنٹرکی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آگئی، جہاں پہلے گھنٹوں انتظار اور بے پناہ رش سے شہری پریشان تھے، اب چند منٹوں میں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کا عمل مکمل ہو رہا ہے۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ کیا۔ انہوں نے مرد و خواتین شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔
شہریوں نے نادرا سنٹر کی نئی صورتحال پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک شہری نے کہا: پہلے بہت انتظار کرنا پڑتا تھا اور رش بھی زیادہ ہوتا تھا، لیکن اب ہر کام چند منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ ایک اور شہری نے کہا شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے میں اب بہت آسانی ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ نے سندھ سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کے لیے دستاویزات بنوانے کے حوالے سے عملے کو خصوصی ہدایات دیں۔ انہوں نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور شناختی کارڈز وصول کرنے والے شہریوں سے بات چیت کی، ساتھ ہی کارڈز کی وصولی کے دورانیے کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر داخلہ نے نادرا سنٹر کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا اطمینان میرے لیے باعث مسرت ہے۔ نادرا ٹیم نے زبردست کام کیا ہے اور چند ہفتوں میں سنٹر کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ شہریوں کو سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی نے نادرا سنٹر کی پوری ٹیم کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا۔