پیٹرول اور ڈیزل کتنا سستا ہونے کا امکان ؟ نئی قیمتیں سامنے آگئیں

پیٹرول اور ڈیزل کتنا سستا ہونے کا امکان ؟ نئی قیمتیں سامنے آگئیں

پیٹرولیم مصنوعات استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی ہے، کیونکہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی تجاویز سامنے آگئی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 42 روپے فی لیٹر کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 18 روپے 18 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 245 روپے 16 پیسے سے کم ہو کر 226 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا ایران معاہدہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 36 روپے 16 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد یہ 268 روپے فی لیٹر کی سطح پر آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول پر عائد اضافی لیوی میں 26 روپے فی لیٹر کمی کر کے اس کا بوجھ ڈیزل پر منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ ڈیزل پر لیوی میں اضافے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں صارفین کو ملنے والا ریلیف تجویز کردہ کمی کے مقابلے میں کم ہو سکتا ہے۔

حتمی قیمتوں کا اعلان حکومت کی جانب سے آئندہ جائزے کے بعد کیا جائے گا، تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے باعث عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر بین الاقوامی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید استحکام بھی دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

editor

Related Articles