وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے 1613 متاثرہ اساتذہ کو جلد بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات 1613 متاثرہ اساتذہ نے صدر متاثرہ کوالیفائڈ اساتذہ عجب خان میانی کی قیادت میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے اساتذہ کو بحالی کا یقین دلایا اور کہا کہ صوبے کی عوام کو روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جو اساتذہ کوالیفائیڈ ہیں، انہیں جلد بحال کیا جائے گا۔تاہم ان اساتذہ کو سابقہ تنخواہیں نہیں دی جائیں گی لیکن ان کی سروس مکمل طور پر بحال ہو گی۔ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما سید کامران شاہ، سید جمیل شاہ، سردار شعیب خان میانخیل اور وزیر اعلیٰ کے پرسنل سیکرٹری محمد نواز خان بھی موجود تھے۔
اساتذہ کے صدر عجب خان میانی نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ غریب اساتذہ کے لیے وزیر اعلیٰ کا دست شفقت ایک بہت بڑا قدم ہے۔ اس موقع پر اساتذہ نے وزیر اعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے حق میں نعرے بھی لگائے۔