ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ صوبہ پنجاب، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا جبکہ مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ جنوبی پنجاب محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان اور بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے بیشتر حصوں میں گہری دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: رواں موسم سرما میں معمول سے کم بارشیں ہونے کی پیش گوئی

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر برفباری اور بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

آزادکشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے بعض میدانی علاقوں میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ کے بعض علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث ٹریفک اور سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

شہریوں کو سرد موسم سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *