سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک انصاف دیر سے ہی سہی لیکن وہ ٹیبل ٹاک پر آئے ہیں،لیکن ملک کو پھر نقصان پہنچانے کے لیے انکی سوشل میڈیا ٹیم ایکٹو ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ سب کو مذاکرات کی میز پر لائے اور جو بھی جماعتیں چاہے وہ ناپسندیدہ ہیں، ان کی نمائندگی کو بھی تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کو ایک دوسرے کی اہمیت اور مینڈیٹ کو عزت دینی چاہیے، تاکہ بات چیت کا عمل آگے بڑھ سکے۔
فیصل واوڈا نے خبردار کیا کہ ملک کو پھر نقصان پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا ٹیم ایکٹو ہو گئی، جو بیرون ملک بیٹھ کرنئی ویڈیوز تیار کر رہی ہے، سیریا کی ویڈیوز کو اے آئی کے ذریعے ترمیم کر کے پاکستان کے حالات کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ یہ سب نوجوانوں میں نفرت اور جذباتی ولولہ پیدا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو ملک کو مزید مشکلات کا سامنا ہو گا اور اس کا واحد نقصان عمران خان کی شخصیت کو ہو گا، کیونکہ باقی تمام لوگ اسی کے نام پر حکومت کر تے رہے اور کرسیوں پر براجمان ہیں۔
فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ ملک میں سول نافرمانی کی لہر اٹھ سکتی ہے اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے ذمہ دار وہ لوگ ہوں گے جو صرف اپنے ذاتی مفادات کے لیے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔