محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں گرم اور مرطوب موسم برقرار
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
صبح کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ دن کے مختلف اوقات میں تیز ہواؤں کا بھی امکان ہے۔
لاہور میں بارش کے اثرات ختم، گرمی نے دوبارہ ڈیرے ڈال لیے
لاہور میں حالیہ بارش اور آندھی کے بعد موسم میں آنے والی خوشگوار تبدیلی اب ختم ہو چکی ہے اور گرمی کی شدت ایک بار پھر بڑھنے لگی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ آسمان صاف رہنے کے باعث بارش کا کوئی امکان نہیں۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو دن کے اوقات میں بڑھ کر 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہونے کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان
ملک کے دیگر علاقوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، تاہم مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ کوہاٹ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم کے بعض علاقوں میں شام یا رات کے وقت بارش ہونے کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں ہیٹ ویو برقرار
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بالائی اضلاع اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ بالائی سندھ میں گرد آلود ہواؤں کے چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران بزرگ افراد، بچوں اور بیمار شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کرنا چاہیے۔