پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جیت کیلئے 207 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیدیا۔
سنچورین میں کھیلے جا رہے تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 207 رنز کا بڑا ہدف دیدیا۔ پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر ناقابل شکست 98 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جس نے پاکستان کے اسکور کو قابلِ دفاع بنایا۔
کپتان محمد رضوان نے 11، بابر اعظم نے 31، عثمان خان نے 3 اور طیب طاہر نے 6 رنز بنائے۔ آخر میں عرفان خان نے 16 گیندوں پر 30 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو مزید مضبوط کیا۔
دوسرے میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، جہاں اسپنر سفیان مقیم کی جگہ فاسٹ بولر جہانداد خان کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ اسکواڈ میں بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، طیب طاہر، محمد عرفان خان نیازی، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، جہانداد خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔
یاد رہے کہ میزبان جنوبی افریقا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، اور پاکستان کے لیے یہ میچ سیریز میں واپسی کے لیے انتہائی اہم ہے۔