پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سال 2024 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ ہارنے والی ٹیم بن گئی ۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 27 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں سے اس کو17 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے محض 9 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو فتح نصیب ہوئی۔
اس میں امریکہ کےخلاف ورلڈ کپ میں ٹائی ہو جانے والا میچ بھی شامل ہے۔ قومی ٹیم کو سپر اوور میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان کے ایک ٹی20 انٹرنیشنل کا نتیجہ سامنے نہیں آ سکا تھا۔
بارش کی وجہ سے پاکستان کے 2 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کا ٹاس ہی نہیں ہوسکا تھا اس لئے وہ ریکارڈ کا حصہ نہیں بنے۔ دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کی کرکٹ ٹیم رہی جس کو 15 میچز میں شکست ہوئی۔
عمان کی ٹیم 13،مالدیپ، منگولیا، میانمار، نمیبیا اور نیپال کی ٹیمیں12 ، 12 مرتبہ شکست سے دوچار ہوئیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 عالمی رینکنگ میں پاکستان کا 7واں نمبر ہے، بھارت پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
آسٹریلیا کی دوسری، انگلینڈ تیسری، ویسٹ انڈیز چوتھی، نیوزی لینڈ 5ویں، جنوبی افریقا چھٹی، سری لنکا 8ویں، بنگلہ دیش نویں اور افغانستان 10ویں پوزیشن پر فائز ہے۔