لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورانٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کے اوقات پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ماحولیاتی تحفظ ایجنسی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد نے پابندی کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس کا فوری اطلاق ہوگا اور تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے پابندی ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور ملتان میں مارکیٹس اور شاپنگ مالز اب معمول کے مطابق کھلیں گے، جبکہ ریسٹورنٹس بھی اپنے معمول کے اوقات میں کام کریں گے
ڈی جی ماحولیات نے مزید کہا کہ 8 بجے دکانوں اور مارکیٹوں کو بند کرنے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے، اور ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ چینز پر بھی اوقات کار کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ہر قسم کی نمائشیں بھی معمول کے مطابق ہو سکیں گی
یہ فیصلہ ائیرکوالٹی انڈیکس میں بہتری کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس کے بعد اوقات کار کی پابندیاں واپس لی جا رہی ہیں۔