وزیراعظم کے مشیر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کومخالف سیا ستدانوں کوگالیاں نکالنا سکھایا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں خدمت کا سفر نہ رکتا تو وطن عزیز پاکستان اس وقت دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوتا۔
انہوں نے تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا یا اور کہا کہ پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کو یہ سکھایا کہ وہ مخالف سیاست دانوں کو گالیاں نکا لیں ، ملک سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا، گالی گلوچ، افراتفری کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، فیک نیوز سے نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں صبروتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ خیبرپختونخوا حکومت نے 3مرتبہ وفاق پر چڑھائی کی ، ڈی چوک پر پی ٹی آئی والے کھڑے تھے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اوربشریٰ بی بی بھاگ نکلے، کارکنوں کے قتل عام بارے غلط پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی نے کارکنوں کو بے یارومدد گار چھوڑ دیا ۔ 2017کے بعد ملک میں گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا گیا، یہ آج بھی افراتفری کی سیاست جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹ اور مکاری کی سیاست کا انجام یہی ہونا تھا۔
پنجاب میں تحریک انصاف10 بندے بھی اکھٹے نہ کر سکی ، پُرتشدد، احتجاج، فساد اور توڑ پھوڑ کی سیاست پی ٹی آئی کا وتیرا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔