اسلام آباد اور راولپنڈی (جڑواں شہروں) میں 20 اپریل کو چھٹی اور دفاتر بند ہونے سے متعلق ایک جعلی نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جعلی قرار دے دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس کے نام سے گردش کرنے والا یہ اعلامیہ مکمل طور پر فرضی ہے اور اس کا سرکاری ریکارڈ سے کوئی تعلق نہیں، حکام نے واضح کیا ہے کہ 20 اپریل کو کسی قسم کی سرکاری تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔
انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ اور جھوٹی اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات کو معتبر سمجھیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری رہیں گے اور تمام سرکاری و نجی دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جعلی نوٹیفکیشن پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے، اس لیے عوام افواہوں سے دور رہیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔