وزیر اعلیٰ پنجاب نے مری میں اسکائی گلاس برج اور دیگر منصوبوں کی منظوری دے دی

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مری میں اسکائی گلاس برج اور دیگر منصوبوں کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری کے علاقے کوٹلی ستیاں میں اسکائی گلاس برج پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پنجاب میں سیاحتی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز متوقع ہے، اس منصوبے کے تحت کوٹلی ستیاں میں صوبے کا پہلا اسکائی گلاس برج تعمیر کیا جائے گا جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مشترکہ طور پر کی، اجلاس میں مری کے تحفظ اور بحالی کے منصوبے پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کم کرنے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مڈ فلو ڈاؤن ہل اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ پہاڑی علاقوں میں رہائشیوں اور سیاحوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

مری میں تین نئے ہاسپٹلٹی زونز قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے جن میں شوالا، سوزو اور بروری شامل ہیں۔ ان زونز میں نجی شعبے کے اشتراک سے فائیو اسٹار معیار کے ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے تاکہ سیاحتی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب کی ترقی پر عوامی اعتماد، سروے میں مریم نواز کی قیادت کو بھرپور پذیرائی

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مری بحالی منصوبے کے لیے ماہرین کی خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی جبکہ جھیکا گلی اور ریچ بل روڈ کی توسیع بھی کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے مری گلاس ٹرین پراجیکٹ پر ایک ماہ کے اندر تعمیراتی کام شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا۔

مزید منصوبوں میں تین نئے پارکس، بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، وائلڈ لائف ایکو زون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس رومز شامل ہیں۔ اسی طرح چیوڑا ہل پر گلیمپنگ پوڈ ویلج، پیرا گلائیڈنگ کلب اور چیئر لفٹ جیسے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ علاقے میں واٹر سپلائی اور رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم پر کام جاری ہے جس سے مقامی آبادی کو پانی کی فراہمی میں سہولت ملی ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں فیسلٹی مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی ہے جو صوبے بھر میں سرکاری عمارتوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور کو بہتر بنائے گا۔

ان منصوبوں کو پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مری اور کوٹلی ستیاں کو جدید سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *