وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ یہ رابطہ تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا۔
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام اور بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل مذاکرات کے لیے وفد بھیجنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو خلیجی ممالک کے سربراہان کے ساتھ اپنے حالیہ رابطوں سے بھی آگاہ کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر بات کی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے سفارتی رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کی کوششوں میں پاکستان کے مضبوط اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے جو کوششیں کی ہیں وہ قابلِ قدر ہیں اور ان کا مثبت اثر پورے خطے پر پڑے گا۔