پاڑا چنار: پاڑا چنار ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی اور بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے نمونیا اور دیگر بیماریوں سے اب تک 29 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پاڑا چنار ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر سید میر حسن جان کے مطابق اسپتالوں میں ضروری ادویات اور وسائل کی کمی نے بیماریوں کےعلاج میں مشکلات پیدا کر رکھی ہیں، جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاڑا چنار ہسپتال کے علاوہ دیگر سرکاری ہسپتالوں میں بھی ادویات کی کمی اور سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث مقامی افراد کو بچوں کا علاج کرانے کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ اسپتالوں میں ضروری ادویات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات کی کمی کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، خصوصاً علاقے میں شدید سردی کے باعث بچوں میں نمونیا اور دیگر موسمی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔