پاکستان سپر لیگ کے ایک اہم میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹرز محمد عامر اور فہیم اشرف پر جرمانہ عائد کر دیا گیا، جس کے بعد اس واقعے نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی۔
پاکستان سپر لیگ کے چونتیسویں میچ میں راولپنڈی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان مقابلہ جاری تھا کہ اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخی دیکھنے میں آئی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب محمد عامر کی گیند پر فہیم اشرف آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عامر نے انہیں میدان چھوڑنے کا اشارہ کیا۔
اس اشارے پر فہیم اشرف نے سخت ردعمل دیا اور دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے قریب آ گئے، جہاں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ صورتحال کچھ دیر کے لیے کشیدہ ہو گئی اور دونوں کھلاڑی آمنے سامنے آ گئے
تاہم میدان میں موجود دیگر کھلاڑیوں نے فوری مداخلت کر کے معاملہ مزید بڑھنے سے روک لیا۔
میچ حکام نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ بعد ازاں میچ ریفری کی جانب سے دونوں کرکٹرز پر میچ فیس کا دس، دس فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
میدان میں جذبات کا اظہار ایک حد تک فطری ہوتا ہے، تاہم کھیل کے آداب کو برقرار رکھنا ہر کھلاڑی کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے کھیل کے حسن کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
واقعے کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جبکہ منتظمین کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔