نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر صارفین سے متعلق ایک اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے آف گرڈ اور آن گرڈ صارفین کے لیے الگ الگ قواعد و ضوابط واضح کر دیے ہیں۔
نیپرا کے بیان کے مطابق وہ صارفین جو آف گرڈ سولر سسٹم استعمال کرتے ہیں، ان پر نیپرا کے ریگولیشنز کا اطلاق نہیں ہوتا کیونکہ وہ قومی بجلی کے نظام سے منسلک نہیں ہوتے۔ اس لیے ایسے صارفین کے لیے کسی قسم کا لائسنس حاصل کرنا ضروری نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور ہے۔
دوسری جانب وہ صارفین جو نیشنل گرڈ سے منسلک ہیں، ان کے لیے نئے قواعد متعارف کروائے گئے ہیں۔ نیپرا کے مطابق نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ کے تحت آنے والے صارفین کو اب باقاعدہ لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔ نئے ریگولیشنز کے تحت خاص طور پر نئے صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ماضی میں صرف 25 کلو واٹ سے زائد لوڈ رکھنے والے صارفین کو نیپرا سے لائسنس لینا پڑتا تھا، تاہم نئے قوانین کے تحت اب 25 کلو واٹ یا اس سے کم لوڈ رکھنے والے صارفین کو بھی لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے ایک ہزار روپے فی کلو واٹ کے حساب سے فیس مقرر کی گئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس سے قبل 25 کلو واٹ تک کے صارفین کو متعلقہ ڈسٹری بیوشن کمپنی سے منظوری لینا ہوتی تھی اور اس پر کوئی فیس عائد نہیں تھی، تاہم نئے فیصلے کے بعد اس نظام میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سولر انرجی کے شعبے کو مزید منظم بنانا ہے۔