لاہور کی ہول سیل اور پرچون مارکیٹوں میں چینی کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔ چینی کی قیمت میں 10 روپے فی کلوگرام کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 روپے فی کلوگرام سے کم ہوکر 130 روپے فی کلوگرام ہوگئی ہے۔
شوگر ڈیلرز کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے اور اگر یہ رحجان برقرار رہا تو قیمتیں مزید نیچے جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب پام آئل کی درآمدی لاگت میں کمی کے رجحان کے باوجود برانڈڈ گھی اور کوکنگ پروڈکٹ مینوفیکچررز نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔
ریٹیلر کا کہنا ہے کہ برانڈڈ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت 80 روپے فی کلو اضافے سے 570 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے، کچھ بڑے برانڈز کی قیمتوں میں یہ اضافہ 100 روپے فی کلو گرام تک ہے۔
چیئرمین پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) شیخ عمر ریحان نے قیمتوں میں فرق کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پام آئل کی قیمتیں جو عالمی مارکیٹ میں بڑھ کر ایک ہزار 285 ڈالر فی ٹن ہوگئی تھیں وہ بعد میں ایک ہزار 185 ڈالر تک آگئیں جس سے اوپن مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت 19 ہزار روپے سے کم ہو کر 16 ہزار 500 روپے فی من رہ گئی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں گھی اور کوکنگ آئل کی جو قیمتیں 80 روپے بڑھی تھیں، ان میں 40 روپے کی کمی دیکھی گئی۔