امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کسانوں کے حقوق کی تحریک کا آغازکرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کسانوں کے حقوق کی تحریک پورے ملک میں پھیلائیں گے۔
میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر جماعت اسلامی کے آفیشل اکاؤنٹ کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن نے منڈی بہا الدین میں مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ چولستان میں زمینیں کس میرٹ پر تقسیم ہو رہی ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ کارپوریٹ فارمنگ سے عام کسان برباد ہو جائے گا، کسانوں کے حقوق کی تحریک کا آغاز کر دیا، اسے پورے ملک میں پھیلائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کا استحصال کیا، کسانوں سے گندم نہیں خریدی گئی، حکومتی دعوؤں کے باوجود اس دفعہ کسانوں نے خوف کی وجہ سے کم رقبہ پر گندم کاشت کی ہے، حکومت گندم اور گنا کی امدادی قیمت کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں 10کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، مافیا اور حکمرانوں نے عوام کا جینا مشکل کردیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیسر (آئی پی پیز) مافیا کے خلاف بھی احتجاج کا آغاز کیاجائے گا، عوام بڑی کال کے لیے تیار رہیں۔