شدید دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا کہ موٹروے ایم 4 (عبد الحکیم سے ملتان تک) اور ایم 5 (شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک) کو دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین اوقات ہیں۔ مزید یہ کہ ڈرائیوروں کو آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان نے کہا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔موٹروے پولیس کے مطابق ایم 4 کے بعد ایم 5 کوبھی بند کر دیا گیا ہے اور شدید دھند کی وجہ سے موٹروے پر گاڑیوں کا داخلہ روک دیا ہے۔
شیر شاہ انٹرچینج سے روہڑی انٹرچینج تک تمام ٹریفک کے لیے موٹروے کھلا ہے، تاہم باقی حصے پر شدید دھند کی وجہ سے سفر غیر محفوظ ہو گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے عوام کو معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔