کوئٹہ میں قومی کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر انتقال کر گئیں، انہوں نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا تھا ،جس کے بعد کھیلوں کے حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آرزو حیدر گزشتہ روز ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں،انہیں فوری طور پر ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج تھیں، تاہم دورانِ علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکیں۔
ان کی اچانک وفات پر کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ان کے ساتھی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ آرزو حیدر ایک باصلاحیت اور محنتی کھلاڑی تھیں جنہوں نے کم عمری میں ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور کراٹے کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
مشیر کھیل بلوچستان مینا مجید نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرزو حیدر ایک باہمت اور باصلاحیت کھلاڑی تھیں جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے صوبے کا نام روشن کیا، انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا خلا پر کرنا ممکن نہیں۔
آرزو حیدر کی وفات کو کھیلوں کی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کے لیے دعاؤں اور تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔