پاکستان میں سال 2024 جہاں بہت سی آزمائشوں اور خوشیوں کیساتھ الوداع ہوا ، وہیں سال 2025 نئی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ شروع ہو چکا ہے۔
دنیا کے مختلف ممالک کے بعد رات 12 بجتے ہی پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوگیا، گھڑیال میں 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کی گئی جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا جبکہ شہریوں نے نئے سال کا خوب جشن منایا۔
پاکستانیوں کو امید ہے کہ سال 2025 عوام اور ملک کی بہتری کا سال ہوگا جس میں ترقی کی نئی منازل کو حاصل کیا جائے گا۔ سال نو کی آمد کے حوالے سے ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی اور میوزیکل پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلیے آتش بازی کا انعقاد کیا گیا جس کو دیکھنے کیلیے عوام بڑی تعداد میں گورنر ہاؤس پہنچے۔
لاہور، راولپنڈی اور دیگر بڑے شہروں میں رواں برس سالِ نو کے آغاز پر ہوائی فائرنگ پرسختی سے پابندی رہی اور بیشتر شہری سرد موسم کے سبب گھروں تک محدود رہیں ، تاہم مری اور دیگر پر فضا مقامات پر عوام کا رش اور نئے سال کے حوالے سےجشن دیدنی تھا اور مری میں منچلوں نے شاندار انداز میں سالِ نو کا استقبال کیا۔
لاہورمیں ہوائی فائرنگ پر پابندی کے سبب بارہ بجتے ہی مختلف شاہراہوں پر آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا تاہم تاریخی تفریحی مقامات گریٹر اقبال پارک اور جیلانی پارک میں بھی آتش بازی نہ ہوئی۔ شہریوں نے بھی رخ نہ کیا۔ فیصل آباد میں شہریوں کی جانب سے سال نو کو اپنے اپنے انداز میں خوش آمدید کہا گیا ، کوہ نور چوک میں ہلڑ بازی اور آتشبازی روکنے کیلئے پولیس کا کریک ڈاون متعدد موٹر سائیکل سوار وںکو روکاگیا۔
دوسری جانب اسلام آبادمیں پارک ویو سٹی میں آتش بازی کا بہت بڑا مطاہرہ کیا گیا اور جڑواں شہروں سے عوام کی ایک بڑی تعداد میں پارک ویو سٹی اسلام آباد میں سالِ نو کا استقبال کیا۔