سال نو کا آغاز ہوگیا ، محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے ۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گرد ونواح میں موسم سرد اور سال نو کی پہلی ہلکی بارش آج شام متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات بلوچستان میں داخل ہونگی، جس کے باعث صوبے کے 18اضلاع میں دو سے چار جنوری تک بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
ان ہواؤں کے باعث یکم جنوری سے 4 جنوری کے دوران بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 18اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
ادھر سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد، ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔