محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
آج رات اسلام آباد اور مضافات میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت اور اس کے مضافات میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔
شمالی مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو اور گوپس میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ لیہہ میں منفی 8، گلگت میں منفی 6، استور میں منفی 5 اور ہنزہ اور چترال میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔