مغربی افریقہ میں ایک ایسا منفرد اور پراسرار رقص دیکھنے کو ملتا ہے جو لوگوں کو حیرت میں ڈال دیتا ہے۔ “زنگبیٹو” کے نام سے مشہور یہ روایتی رقص ووڈو مذہب سے جڑا ہوا ہے، جس میں ایک کردار خشک کھجور کے پتوں اور گھاس سے مکمل طور پر ڈھکا ہوتا ہے اور تیزی سے گھومتا ہوا نظر آتا ہے۔
دیکھنے والوں کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اسے کوئی غیر مرئی قوت حرکت دے رہی ہو۔ یہ انوکھا منظر نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ سیاحوں کی بھی خاص توجہ کا مرکز بنتا ہے
ووڈو، جسے ووڈن یا وُڈو بھی کہا جاتا ہے ایک قدیم مذہب ہے جس پر آج بھی تقریباً 6 کروڑ لوگ عمل کرتے ہیں، خاص طور پر مغربی افریقہ اور ہیٹی میں۔ یہ مذہب اس عقیدے پر مبنی ہے کہ انسان کے مرنے کے بعد اس کی روح ایک اور دنیا میں منتقل ہو جاتی ہے مگر اپنے عزیزوں کی حفاظت اور رہنمائی کے لیے زندہ لوگوں کے ساتھ جڑی رہتی ہے۔
؎بینن، ٹوگو، گھانا اور نائیجیریا میں آجا، ایوے اور فون قبائل اس مذہب کے بڑے پیروکار ہیں۔ ووڈو کی جڑیں تقریباً 6 ہزار سال پرانی ہیں اور بینن کو اس کا مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں 1990 میں اسے سرکاری مذہب کا درجہ بھی دیا گیا۔
مغربی دنیا میں ووڈو کو اکثر جادو ٹونے یا شیطانی عمل سے جوڑا جاتا ہےلیکن حقیقت اس سے مختلف ہے۔ ووڈو ایک مکمل مذہبی اور فکری نظام ہے جس میں روحانیت، علاج اور کائنات کے بارے میں ایک خاص نظریہ شامل ہے۔ اس میں اچھے اور برے دونوں طرح کے روحانی عناصر کا تصور پایا جاتا ہے جو دنیا کے مختلف پہلوؤں سے جڑے ہوتے ہیں۔
زنگبیٹو دراصل ایک ماسک ڈانس ہےجسے بعض اوقات’روایتی محاف‘بھی کہا جاتا ہے۔ یہ کردار بظاہر انسان نہیں لگتا، بلکہ ایک گھومتا ہوا ڈھانچہ ہوتا ہے جو زمین پر تیزی سے حرکت کرتا ہے۔ مقامی عقیدے کے مطابق اس کے اندر کوئی روحانی طاقت موجود ہوتی ہے جو برادری کی حفاظت کرتی ہے اور نظم و ضبط قائم رکھتی ہے۔
ووڈو رسومات میں موسیقی، ڈھول کی تھاپ، دعائیں اور مخصوص حرکات شامل ہوتی ہیں۔ بعض اوقات رقاص ایک وجدانی کیفیت میں چلے جاتے ہیں اور یہ سمجھا جاتا ہے کہ ان پر روحوں کا اثر ہو گیا ہے۔
مغربی افریقہ میں زنگبیٹو کے علاوہ بھی کئی روایتی رقص موجود ہیں جیسے کوٹ ڈی آئیور کے گورو قبیلے کا زاؤلی رقص اور سینیگال و گیمبیا کے ڈیولا قبیلے کا کومپو رقص جن میں روحانی عناصر اور ثقافتی رنگ نمایاں ہوتے ہیں۔
یہ تمام روایات اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ افریقی معاشروں میں روحانیت، ثقافت اور اجتماعی زندگی ایک دوسرے سے گہری طرح جڑی ہوئی ہیں۔