اسمارٹ فون آج ہر شخص کی ضرورت بن چکا ہے، لیکن زیادہ تر لوگ یہ نہیں جانتے کہ ان کی روزمرہ کی چھوٹی عادات آہستہ آہستہ فون کی کارکردگی اور عمر کو متاثر کر سکتی ہیں مگر صحیح دیکھ بھال سے ایک فون کمپنی کے بتائے گئے وقت سے کہیں زیادہ عرصہ چل سکتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سایٹ کے مطابق نقصان سے بچنے کیلئے بہتر ہے کہ ایسی غلطیوں سے بچا جائے، وہ کیا غلطیاں ہیں آئیے جانتےہیں۔
سستے اور غیر معیاری چارجنگ کیبلز کا استعمال
فون کو نقصان پہنچانے والی سب سے عام غلطیوں میں سے ایک غیر معروف اور سستے چارجنگ کیبلز کا استعمال ہے۔
یہاں بات معروف برانڈز جیسے Anker یا Apple کے Made for iPhone سرٹیفائیڈ کیبلز کی نہیں ہو رہی، بلکہ وہ انتہائی سستے یوایس بی کیبلز مراد ہیں جو غیر معروف دکانوں سے معمولی قیمت میں مل جاتی ہیں۔
ایسی کیبلز نہ صرف فون کو نقصان پہنچا سکتی ہیں بلکہ بعض اوقات خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہیں، جیسے شارٹ سرکٹ، آگ لگنے یا بجلی کے جھٹکے کا امکان۔
اس لیے ہمیشہ معیاری کیبل استعمال کریں اور اسے احتیاط سے سنبھالیں۔ کیبل کو زور سے لپیٹنے یا پلگ سے کھینچنے کے بجائے ہمیشہ کنیکٹر سے پکڑ کر نکالنا چاہیے، ورنہ اندرونی تاریں خراب ہو سکتی ہیں۔
بیٹری کو بار بار مکمل ختم کر دینا
اسمارٹ فون بیٹری وقت کے ساتھ قدرتی طور پر کمزور ہو جاتی ہے، لیکن غلط استعمال اس عمل کو مزید تیز کر دیتا ہے۔
بیٹری کو بار بار 0 فیصد تک لے جانا اس کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے اس لیے بہتر یہ ہے کہ اسے زیادہ تر وقت 30 فیصد سے اوپر رکھا جائے۔
رات بھر چارج پر لگانا عام طور پر نقصان دہ نہیں ہوتا، لیکن بار بار مکمل ڈسچارج سے بیٹری کی لائف کم ہو سکتی ہے، کبھی کبھار مکمل چارج اور مکمل استعمال بیٹری کی کارکردگی کو بہتر انداز میں برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
فون کور اور اسکرین پروٹیکشن استعمال نہ کرنا
اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کا فون کبھی نہیں گرے گا، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے، بنا کور کے فون استعمال کرنا ایک بڑا رسک ہے کیونکہ معمولی سا گرنا بھی اسکرین کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور فون کی ری سیل ویلیو بھی کم ہو جاتی ہے۔
بہتر انتخاب وہ کور ہے جس میں کناروں پر حفاظتی ابھار (raised edges) ہوں۔ اسی طرح مضبوط اسکرین پروٹیکٹر بھی ضروری ہے کیونکہ اسکرین مکمل طور پر خراشوں سے محفوظ نہیں ہوتی۔
اگر کوئی شخص بغیر کور کے فون استعمال کرتا ہے تو اسے ممکنہ مرمت کے اخراجات کے لیے تیار رہنا چاہیے ، زیادہ حادثات کی صورت میں ایپل کیئرجیسی انشورنس بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
پانی کے اندر فون کا بار بار استعمال
یہ سوچ غلط ہے کہ ہر فون مکمل طور پر واٹر پروف ہوتا ہے۔ زیادہ تر فونز صرف پانی سے محفوظ (water resistant) ہوتے ہیں، مکمل طور پر محفوظ نہیں۔
چاہے فون IP67 یا IP68 ریٹنگ رکھتا ہو، اسے بار بار پانی میں استعمال کرنا خطرناک ہو سکتا ہے ، بار بار پانی کے رابطے سے فون کی اندرونی حفاظت کمزور ہو جاتی ہے اور وقت کے ساتھ نقصان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اگر آئی فون پانی میں چلا جائے تو اس میں موجود ایک خاص فیچر اسپیکر سے پانی نکالنے میں مدد دیتا ہے، لیکن یہ مستقل حل نہیں۔
سیکیورٹی اور اپڈیٹس کو نظر انداز کرنا
بہت سے صارفین آسانی کی خاطر سیکیورٹی اپڈیٹس کو نظر انداز کر دیتے ہیں، جو ایک بڑی غلطی ہے، یہ اپڈیٹس اگرچہ فوری طور پر ضروری محسوس نہیں ہوتیں، لیکن یہ فون کو خطرناک سافٹ ویئر اور سیکیورٹی مسائل سے بچاتی ہیں۔
اسی طرح ایپس کو اپڈیٹ رکھنا بھی ضروری ہے کیونکہ ان میں بگز کی اصلاح اور سیکیورٹی بہتری شامل ہوتی ہے۔
سب سے بڑا خطرہ غیر سرکاری ذرائع سے ایپس انسٹال کرنا ہے۔ مشکوک اسٹورز سے پیڈ ایپس مفت حاصل کرنے کی کوشش فون کو ہیکنگ اور ڈیٹا چوری کے خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
اس لیے ہمیشہ آفیشل اسٹور سے ایپس انسٹال کریں، ریویوز پڑھیں اور غیر معروف ایپس سے گریز کریں۔
اگر آپ اپنے فون کو زیادہ دیر تک بہترین حالت میں رکھنا چاہتے ہیں تو ان عام غلطیوں سے بچنا بہت ضروری ہے، تھوڑی سی احتیاط نہ صرف آپ کے فون کی عمر بڑھا سکتی ہے بلکہ آپ کے پیسے بھی بچا سکتی ہے۔