ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
اس کامیابی کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے ہم وطن اور لیجنڈری بلے باز کرس گیل کا طویل عرصے سے قائم 14 ہزار 562 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
پولارڈ نے یہ تاریخی کارنامہ امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے ایک میچ کے دوران انجام دیا ، انہوں نے ایم آئی نیو یارک کی نمائندگی کرتے ہوئے واشنگٹن فریڈم کے خلاف شاندار ناقابلِ شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔
یہ ان کے طویل ٹی20 کیریئر کی صرف دوسری سنچری تھی، اس سے قبل کیرون پولارڈ نے 2018 میں کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں اپنی پہلی ٹی20 سنچری اسکور کی تھی۔
کرس گیل کی بات کریں تو وہ 2014 سے ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کی حیثیت سے سرفہرست تھے، انہوں نے 28 مارچ 2014 کو یہ اعزاز حاصل کیا تھا اور مسلسل 4467 دن تک اس پوزیشن پر برقرار رہے، تقریباً 12 سال تک جاری رہنے والی یہ حکمرانی بالآخر کیرون پولارڈ کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوئی۔
پولارڈ اب تک 736 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں، جو مردوں کی ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی ہے ، یہی نہیں وہ اس فارمیٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نویں کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب کرس گیل کا نام بھی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ انگلینڈ اور آسٹریلیا سے باہر کے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے اس فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ان کی ریکارڈ ساز حکمرانی ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کے نصف سے زیادہ عرصے پر محیط رہی۔
کیرون پولارڈ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے شاندار کیریئر کا ایک یادگار لمحہ ہے بلکہ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز بھی سمجھی جا رہی ہے۔