اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے چھوٹے پیمانے کے کاروبار کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ یوتھ بزنس پروگرام کے تحت قرض کی حد کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے میں مزید آسانی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ SMEs کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جامع سروے جلد مکمل کیا جائے اور ان سہولیات کو عالمی معیارات کے مطابق ڈھالنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب ماڈلز کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں خواتین کاروباری شخصیات کے لیے خصوصی پیکج تشکیل دینے پر بھی زور دیا گیا تاکہ انہیں کاروباری میدان میں مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے SMEs کے کردار کو مزید فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو خود مختار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے روزگار کما سکیں بلکہ دیگر کے لیے بھی ملازمت کے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ SMEs دنیا بھر میں اقتصادی ترقی کا اہم جزو ہیں اور پاکستان کو بھی اپنی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اس شعبے کو فروغ دینا ہوگا۔
حکومت کی یہ کوشش ملکی برآمدات میں اضافے اور نوجوانوں کو معاشی میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔