بابوسر ٹاپ جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری

بابوسر ٹاپ جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری

ملک کے معروف اور بلند ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہونے والا بابوسر ٹاپ 7 ماہ کی طویل بندش کے بعد ایک بار پھر سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ پر برف اور گلیشیئرز کے باعث راستہ کئی ماہ سے بند تھا، جسے اب ہیوی مشینری کی مدد سے صاف کر کے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ برف کی بڑی تہیں ہٹانے کے بعد آمدورفت دوبارہ ممکن بنا دی گئی ہے۔

بابوسر ٹاپ پر اس وقت موسم انتہائی سرد ہے، جبکہ بادلوں کے درمیان برف سے ڈھکے دلکش مناظر سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔ راستہ کھلنے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں بڑی تعداد میں سیاح اس علاقے کا رخ کریں گے۔

مقامی انتظامیہ نے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق سفر پر روانہ ہونے سے پہلے گرم کپڑوں اور ضروری سامان کی تیاری لازمی ہے تاکہ شدید سرد موسم میں کسی بھی مشکل صورتحال سے بچا جا سکے۔

سیاحتی ماہرین کے مطابق بابوسر ٹاپ کی بحالی سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات ،پاکستانیوں کیلئے اچھی خبریں

Related Articles